ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس کے لائسنس کے حصول میں 500 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہریوں نے بڑی تعداد میں ٹریفک دفاتر اور خدمت مراکز کا رخ کرتے ہوئے ڈرائیونگ لائسنس اور لرنر پرمٹ حاصل کیے ہیں۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) کیپٹن ریٹائرڈ حمزہ ہمایوں نے کہا کہ شہریوں نے اسلام آباد پولیس پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے اور اسی اعتماد پر ہم اپنے شہریوں کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد ٹریفک پولیس کا ون وے خلاف ورزیوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 249 مقدمات درج
انہوں نے بتایا کہ لائسنس کے حصول کے لیے 7 اکتوبر تک کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔ سی ٹی او نے مزید کہا کہ شہریوں کو گھر بیٹھے لرنر پرمٹ حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے اور ‘ای لرنر ایپ’ کے ذریعے شہری اپنے موبائل فون سے ہی پرمٹ بنوا سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی فیض آباد ہیڈ آفس، ایف-6 سمیت تمام خدمت مراکز اور 13 تھانوں میں بھی لرنر پرمٹ کی سہولت میسر ہے۔
ترجمان اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک پولیس کی خدمت وینز بھی مختلف علاقوں میں جا کر لائسنس کے اجرا کی سہولت فراہم کر رہی ہیں تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ آسانی دی جا سکے۔
حمزہ ہمایوں نے کہا کہ شہری جلد از جلد اپنا لائسنس حاصل کریں اور مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔