محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیش گوئی کی ہے، جو 2 اکتوبر سے 7 اکتوبر کے درمیان متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 3 سے 6 اکتوبر تک بارش کے ساتھ ساتھ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: این ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات نے بارشوں کی الگ الگ پیشگوئی کی، سینیٹ کمیٹی میں انکشاف
خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع میں 2 اکتوبر سے 7 اکتوبر کے دوران بارش اور کہیں کہیں تیز آندھی چلنے کا امکان ہے۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 2 اور 3 اکتوبر کو بارش متوقع ہے، جبکہ 4 سے 7 اکتوبر کے دوران کشمیر کے بلند مقامات پر برفباری بھی ہو سکتی ہے، جو درجہ حرارت میں واضح کمی کا سبب بنے گی۔
محکمہ موسمیات نے اطلاع دی ہے کہ سندھ کے کئی اضلاع میں بارش کا سلسلہ آج رات سے شروع ہونے کا امکان ہے، جو 3 اکتوبر تک جاری رہ سکتا ہے۔
اسی طرح بلوچستان میں 4 سے 6 اکتوبر کے دوران بارش اور تیز ہواؤں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ مسلسل بارش کی صورت میں نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک کے کن علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا
محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں۔