اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پارلیمانی رپورٹرز عوام اور پارلیمان کے درمیان پل کا کردار ادا کررہے ہیں، پارلیمانی رپورٹرز انتہائی سلجھے ہوئے اور اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹری رپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان (پی آر اے پی) کے انتخابات کے موقع پر قومی اسمبلی کی پریس گیلری اور پریس لاؤنج کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ رکن قومی اسمبلی اور پیپلز پارٹی کے وہپ اعجاز حسین جاکھرانی، پی آر اے پی کے امیدواران اور قومی اسمبلی کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: صحافیوں کا قومی اسمبلی اجلاس سے واک آؤٹ، وجہ کیا بنی؟
اسپیکر نے انتخابی عمل کا جائزہ لیا اور الیکشن کمیٹی سے ملاقات کی۔ چیئرمین الیکشن کمیٹی طارق سمیر نے اسپیکر کو انتخابی عمل اور ضابطہ اخلاق سے آگاہ کیا۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے انتخابات کے موقع پر پولنگ سٹیشن کا دورہ،پارلیمانی رپورٹرز سے گفتگو میں جمہوری عمل کی تعریف ۔
پارلیمنٹ اور میڈیا کا چولی دامن کا ساتھ ہے پی آر اے کے ساتھ ہمیشہ اچھے تعلقات رہے نئی منتخب باڈی کے ساتھ بھی تعلقات… pic.twitter.com/xLQ2FmFQAx— Siddeeq Sajid (@S_SajidOfficial) October 2, 2025
اس موقع پر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پی آر اے اور پریس گیلری پارلیمان کا اہم جزو ہیں، جبکہ پارلیمانی رپورٹرز عوام اور پارلیمان کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل اور پارلیمانی کارروائی عوام تک پہنچانے میں رپورٹرز کا کلیدی کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی آر اے کے خوشگوار اور شفاف انتخابات خوش آئند ہیں، پرامن انتخابی عمل دیکھ کر دلی مسرت ہوئی۔ ان کے مطابق انتخابات کے ذریعے عہدیداران کا چناؤ جمہوریت کی روح ہے، جبکہ پارلیمانی رپورٹرز انتہائی سلجھے ہوئے اور اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ انتخابات میں بہترین نمائندوں کا انتخاب ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: اسپیکر ایاز صادق کی ہزارہ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد
الیکشن کمیٹی نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے بہترین انتظامات اور ڈائریکٹر جنرل میڈیا کی ٹیم کے تعاون پر اسپیکر کا شکریہ ادا کیا۔ اسپیکر نے کمیٹی کی خدمات اور انتخابات کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور امیدواروں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔