نیوزی لینڈ کے دارالحکومت ویلنگٹن میں ہاسٹل کی ایک عمارت میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 6 افراد جھلس کر ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد افراد لاپتہ ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق رات 12 بجکر 30 منٹ پر آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
رپورٹس کے مطابق 50 سے زائد لوگوں کو ابھی تک ریسکیو کر لیا گیا ہے، 11 افراد ابھی بھی لاپتہ ہیں۔ جھلسے ہوئے پانچ افراد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
مقامی پولیس کے مطابق ابھی تک آگ لگنے کی وجوہات کا تعین نہیں کیا جا سکا، عمارت میں آگ جان بوجھ کر لگائی گئی یا نہیں اس حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہے۔
نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم کرس ہپکنز نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ افسوس ناک واقعہ میں ابھی تک ہلاک افراد کی تعداد کا تعین نہیں کیا جا سکتا، مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
’بر وقت کارروائی کرنے پر مقامی امدادی ٹیموں اور فائر فائٹرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔‘
رپورٹس کے مطابق فائر اینڈ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے کمانڈر کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے کے لیے 20 سے زائد فائر ٹرکوں کی مدد لی گئی ہے، آگ کے شعلے بہت خوفناک تھے تاہم آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔
بلڈنگ انتظامیہ کے مطابق ہاسٹل میں 92 افراد کے رہنے کی گنجائش تھی۔ تاہم متعدد افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔ ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد ہی اموات اور لاپتہ افراد کا تعین کیا جا سکے گا۔