قومی کرکٹ ٹیم کے سابق اسٹار شعیب ملک ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں، تاہم اس بار معاملہ کرکٹ نہیں بلکہ ان کی ذاتی زندگی ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک وائرل ویڈیو کے بعد شعیب ملک اور ان کی تیسری اہلیہ، اداکارہ ثنا جاوید کے درمیان علیحدگی کی افواہیں گردش کرنے لگی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شعیب ملک کی حمایت میں متنازعہ پوسٹس، ثنا جاوید نے خاموشی توڑ دی
ویڈیو میں شعیب ملک مداحوں کو آٹوگراف دیتے نظر آ رہے ہیں جبکہ ثنا جاوید لاتعلق دکھائی دیتی ہیں اور بار بار نظریں چراتی ہوئی رخ موڑ لیتی ہیں۔ اس رویے نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی اور بحث چھڑ گئی کہ دونوں کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں۔
شعیب ملک اور ثنا جاوید نے گزشتہ سال شادی کی تھی۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ اطلاعات کے مطابق شادی میں شعیب ملک کے گھر والوں نے شرکت نہیں کی تھی اور حالیہ مہینوں میں دونوں کو کسی عوامی تقریب میں اکٹھے نہیں دیکھا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ثانیہ مرزا یا ثنا جاوید، دونوں میں سے زیادہ امیر کون ہے؟
یاد رہے کہ شعیب ملک نے 2023 میں بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے علیحدگی اختیار کی تھی، جس سے ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ثانیہ مرزا نے خلع کے ذریعے شادی ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
فی الحال شعیب ملک اور ثنا جاوید کی جانب سے ان افواہوں پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے، تاہم مداح اور سوشل میڈیا صارفین ان کے رشتے کے مستقبل کے بارے میں طرح طرح کے قیاس آرائیوں میں مصروف ہیں۔