پاکستان ریلوے اور نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے مابین ایک تاریخی معاہدے پر دستخط کیے گئے، جس کے تحت ریلوے کی آمدنی کو مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام میں منتقل کر دیا جائے گا۔
اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی، ریلوے کے اعلیٰ حکام اور نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے عہدیداروں نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: ریلوے کی یورپ اور وسطی ایشیا تک رسائی کیسے ممکن ہوگی؟ حنیف عباسی نے بتادیا
اس جدید نظام کے ذریعے مسافر اب اے ٹی ایم، موبائل ایپ، انٹرنیٹ بینکنگ، بینک برانچز، نادرا ای سہولت مراکز، ڈیبٹ کارڈ اور کیو آر کوڈ کے ذریعے باآسانی ٹکٹ خرید سکیں گے۔
نیشنل پولیس فاؤنڈیشن (NPF) کی ایک تاریخی کامیابی!
این پی ایف اور پاکستان ریلوے کے درمیان "ڈیجیٹل پیمنٹ سروسز" کی فراہمی کے لیے معاہدہ طے پا گیا۔ جو وزیراعظم پاکستان کے "کیش لیس اکانومی کے وژن" کی جانب ایک اور اہم قدم ہے۔
1/3 pic.twitter.com/VtjjH3ZjeL— National Police Foundation – NPF, Islamabad (@NPFPak) October 7, 2025
وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پاکستان ریلوے کی تاریخ کا سنگِ میل اور وزیرِاعظم کے کیش لیس وژن کی حقیقی مثال ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ کیش لیس سسٹم سے ادائیگی کا عمل شفاف، مؤثر اور تیز تر ہو گا، جس سے ریلوے کے مالیاتی نظم و نسق میں بہتری آئے گی۔
چیئرمین ریلوے نے کہا کہ یہ معاہدہ ادارے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی سمت میں ایک اہم پیش رفت ہے۔
نیشنل پولیس فاؤنڈیشن، اسٹیٹ بینک، ون لنک اور فِن نیٹ کے باہمی تعاون سے عوام کو جدید اور محفوظ سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد کا گولڑہ ریلوے اسٹیشن، صدی پرانی ثقافت
اس نظام کے تحت اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور ون لنک روزانہ 3 مرتبہ ریلوے کی آمدنی براہِ راست قومی خزانے میں منتقل کریں گے۔
ون لنک 40 بینکوں پر مشتمل ایک کنسورشیم ہے جو ادائیگیوں کے نظام کو مربوط بنائے گا۔
وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ ریلوے کا یہ ڈیجیٹل قدم عوام کے لیے شفاف، تیز اور صارف دوست ٹکٹنگ کے نئے دور کا آغاز ہے، جو ادارے کی بحالی اور جدیدیت کی جانب ایک مستحکم پیش رفت ثابت ہوگا۔