امریکی محکمہ جنگ نے پاکستان اور سعودی عرب کو امریکی ساختہ ایئر ٹو ایئر میزائلوں کی فراہمی کے نئے معاہدے میں شامل کر لیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ معاہدہ ری تھیون میزائلز اینڈ ڈیفنس کمپنی کے ساتھ 41.68 ملین ڈالر کی لاگت سے طے پایا ہے، جس کے تحت جدید ایڈوانسڈ میڈیم رینج ایئر ٹو ایئر میزائل (AMRAAM) کی تیاری اور سپورٹ فراہم کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ کا ٹیلیفونک رابطہ، غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال
امریکی بیان کے مطابق یہ معاہدہ متعدد اتحادی ممالک کے ساتھ فارن ملٹری سیلز پروگرام کے تحت کیا گیا ہے، جن میں پاکستان، سعودی عرب، برطانیہ، پولینڈ، قطر، اومان، جاپان، اسرائیل اور دیگر ممالک شامل ہیں۔
بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ہر ملک کو کتنے میزائل فراہم کیے جائیں گے اور فراہمی کب شروع ہوگی۔
پاکستان اپنے ایف-16 طیاروں پر یہ میزائل استعمال کرتا ہے جبکہ سعودی عرب کے ایف-15 طیاروں پر بھی یہی نظام نصب ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تاریخی معاہدے کا عام آدمی کو کیا فائدہ ہوگا؟
اس کے علاوہ، امریکا نے سعودی عرب کے لیے 24.17 ملین ڈالر کے ایک علیحدہ معاہدے کی بھی منظوری دی ہے، جس کے تحت سعودی فضائیہ کے ایف-15 طیاروں پر Link-16 کمیونیکیشن سسٹم کو جدید خطوط پر اپ گریڈ کیا جائے گا۔
امریکی محکمۂ جنگ کے مطابق یہ منصوبہ 2031 تک مکمل ہوگا۔ یہ اقدامات مشرقِ وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں واشنگٹن کے دفاعی تعاون کے تسلسل کو ظاہر کرتے ہیں۔














