آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز اور نائب کپتان ٹریوس ہیڈ نے بھارتی پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) فرنچائز کی جانب سے دی گئی 10 ملین ڈالر سالانہ کی پرکشش پیشکش کو یہ کہہ کر مسترد کر دیا کہ ملک کے لیے کھیلنا ہی ان کے لیے سب سے بڑا اعزاز ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کو مشورہ دیا گیا تھا کہ وہ بین الاقوامی کرکٹ چھوڑ کر صرف فرنچائز کرکٹ کھیلیں، تاہم انہوں نے اس تجویز کو مسترد کرتے ہوئے قومی کرکٹ کو اپنی پہلی ترجیح قرار دیا۔

مزید پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت کو غیر معمولی حمایت پر پیٹ کمنز بھی بول پڑے
پیٹ کمنز اور ٹریوس ہیڈ دونوں آئی پی ایل میں سن رائزرز حیدرآباد کی نمائندگی کر چکے ہیں، مگر انہوں نے واضح کیا کہ آسٹریلیا کے لیے کھیلنا کسی بھی مالی پیشکش سے زیادہ فخر کی بات ہے۔
ان کھلاڑیوں کو جو پیشکش کی گئی وہ ان کی سالانہ آمدنی سے قریباً 6 گنا زیادہ تھی، لیکن دونوں نے قومی فخر کو دولت پر ترجیح دی۔
مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ: آسٹریلیا کے پیٹ کمنز لگاتار 2 ہیٹرک کرنے والے پہلے بولر بن گئے

یہ پیشکش ایک ایسے وقت میں سامنے آئی جب دنیا بھر میں ٹی20 لیگز کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے اور کئی معروف کھلاڑی بین الاقوامی کرکٹ چھوڑ کر فرنچائز کرکٹ کو ترجیح دے رہے ہیں۔
تاہم پیٹ کمنز اور ٹریوس ہیڈ کے اس فیصلے کو آسٹریلیا میں شائقین اور ماہرین نے سراہا ہے اور اسے قومی کھیل کے وقار کی جیت قرار دیا ہے۔














