وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے وزارت اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دینے کی ٹوئٹ ڈیلیٹ کردی ہے۔
اپنے ایک بیان میں علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حکم پر عہدے سے مستعفی ہورہا ہوں، میری مکمل حمایت اور سپورٹ نئے قائد ایوان سہیل آفریدی کو حاصل رہے گی۔
انہوں نے کہاکہ ہم بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے پارٹی پالیسی کے مطابق ایک ہو کر آگے بڑھیں گے۔
تاہم اب انہوں نے یہ پیغام ڈیلیٹ کردیا ہے، انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک نیا پیغام پوسٹ کیا ہے، جس میں انہوں نے اپنے آپ کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ہی ظاہر کیا ہے۔
پیغام میں لکھا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے پی ہاؤس اسلام آباد سے پشاور روانہ ہورہے ہیں۔
سلمان اکرم راجا نے علی امین کو ہٹانے کی خبروں کی تصدیق کر دی۔ گنڈاپور گولی کے بدلے گولی مارنے کے بیانات دینے کے باوجود اب وزیراعلی نہیں رہیں گے#aliamingandapur #ImranKhan @PTIofficial pic.twitter.com/N7t861Y5U5
— Raja Khurram Zahid (@rajakhurram203) October 8, 2025
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کرتے ہوئے سہیل آفریدی کو نیا قائد ایوان نامزد کردیا ہے۔
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے علی امین گنڈاپور کو عہدے سے ہٹائے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سہیل آفریدی کو نیا قائد ایوان نامزد کرلیا گیا ہے۔
’سہیل آفریدی خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ نہیں بنیں گے‘
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیئر رہنما ندیم افضل چن نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی معلومات کے مطابق سہیل آفریدی خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ نہیں بنیں گے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ اپوزیشن اپنا نمائندہ ضرور پیش کرے گی اور کوئی سرپرائز بھی ممکن ہے، کیونکہ آنے والے دو دن خیبرپختونخوا کے سیاسی منظرنامے کے لیے انتہائی اہم ہیں۔