خیبر پختونخوا اسمبلی سیکریٹریٹ نے وزیرِ اعلیٰ کے انتخاب کے لیے باقاعدہ شیڈول جاری کردیا ہے۔
خیبر پختونخوا اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق انتخابی عمل 3 مراحل پر مشتمل ہوگا جو 12 اور 13 اکتوبر کو مکمل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ موصول ہو چکا، منظوری تک وہ وزیراعلیٰ رہیں گے، گورنر خیبرپختونخوا
نوٹس کے مطابق وزیرِ اعلیٰ کے امیدواروں کے نامزدگی فارم 12 اکتوبر بروز اتوار سہ پہر 3 بجے تک اسمبلی سیکرٹری کے دفتر میں جمع کرائے جا سکیں گے۔ امیدوار کے کاغذاتِ نامزدگی پر ایک تجویز کنندہ، ایک تائید کنندہ اور خود امیدوار کے دستخط ہونا ضروری ہوں گے، اسی روز شام 4 بجے اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی موصولہ نامزدگیوں کی جانچ پڑتال کریں گے۔
انتخاب کے لیے اسمبلی کا اجلاس 13 اکتوبر بروز پیر صبح 10 بجے طلب کیا گیا ہے۔ رائے دہی کے آغاز سے قبل اسپیکر اسمبلی ہال میں پانچ منٹ تک گھنٹیاں بجانے کی ہدایت دیں گے، جس کے بعد دروازے بند کر دیے جائیں گے اور کسی کو اندر یا باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے کس کے کہنے پر سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نامزد کیا، طارق فضل نے بتادیا
اسمبلی کے اراکین اپنے ڈویژن نمبر کے مطابق ووٹ درج کرائیں گے، ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کی جائے گی اور اسپیکر منتخب وزیرِ اعلیٰ کا باضابطہ اعلان کریں گے۔
قواعد کے مطابق اگر ایک ہی امیدوار میدان میں ہوا اور وہ اسمبلی کے کل اراکین کی اکثریت حاصل کر لے تو وہ وزیرِ اعلیٰ منتخب قرار پائے گا، تاہم مطلوبہ اکثریت حاصل نہ ہونے کی صورت میں انتخابی عمل دوبارہ شروع کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب، خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس پیر کو طلب کرلیا گیا
اگر امیدوار ایک سے زائد ہوں اور پہلی رائے دہی میں کوئی امیدوار اکثریت حاصل نہ کرے تو سب سے زیادہ ووٹ لینے والے 2 امیدواروں کے درمیان دوسری رائے دہی کرائی جائے گی، جس میں اکثریت حاصل کرنے والا امیدوار وزیرِ اعلیٰ منتخب قرار پائے گا۔
یاد رہے کہ علی امین گنڈاپور نے بطور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، گورنر فیصل کریم کنڈی نے ان کا استعفیٰ موصول ہونے کی تصدیق کی، گورنر ہاؤس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پیر کے روز علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ منظور کرنے کے حوالے سے قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا ہے کہ جب تک علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ منظور نہیں ہوتا وہ وزیراعلیٰ رہیں گے، تحریک انصاف نے سہیل آفریدی کو اپنا امیدوار نامزد کررکھا ہے۔