پاک افغان سرحد پر حالیہ جھڑپوں کے دوران طالبان فورسز کی جانب سے پاکستانی چوکیوں پر بلااشتعال فائرنگ اور حملوں کے بعد پاک فوج نے بھرپور اور مؤثر جوابی کارروائی کی ہے، جس میں افغان طالبان کی متعدد چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی جانب سے افغان طالبان کی جارحیت کا منہ توڑ جواب، 19 افغان چوکیوں پر پاک فوج کا قبضہ
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، پاک فوج کی جانب سے بھاری ہتھیاروں کے استعمال کی ویڈیوز منظرِ عام پر آئی ہیں جن میں آرٹلری گنز کو طالبان کے ٹھکانوں پر فائر کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق، افغان فورسز کو جوابی کارروائی کے نتیجے میں پسپائی اختیار کرنا پڑی۔
عوام کا پاک فوج پر اظہارِ فخر
سوات، باجوڑ اور دیگر سرحدی علاقوں کے عوام نے پاک فوج کی بہادری اور بروقت ردِعمل کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے جنہوں نے افغانستان کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پاک افغان بارڈر پر پہنچ گئے! pic.twitter.com/SEIxWFZ3mu
— WE News (@WENewsPk) October 12, 2025
عوام کا کہنا ہے کہ پاک فوج اس دھرتی کی محافظ ہے اور قوم اس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
پاک افغان تعلقات میں کشیدگی
یہ جھڑپیں ایک ایسے وقت میں ہوئیں جب طالبان حکومت کے اہلکار پاکستان کی سرحدی چوکیوں پر بارہا فائرنگ کر رہے تھے۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق ان حملوں کی نوعیت معمول کے واقعات سے کہیں زیادہ شدید تھی۔
پاکستان فوج کی طرف سے طالبان فورسز کے خلاف منہ توڑ جواب بھرپور طریقے سے جاری!
پاکستان فوج کی جوابی کاروائی میں باجوڑ کے سامنے افغان طالبان کی کرزئی پوسٹ مکمل تباہ! pic.twitter.com/980UvpY30i— WE News (@WENewsPk) October 12, 2025
پاکستان نے واضح کیا ہے کہ اس کی کارروائیاں صرف ان ٹھکانوں کے خلاف ہیں جہاں سے ’فتنۂ خوارج‘ اور ’فتنۂ ہندوستان‘ سے وابستہ دہشتگرد عناصر سرگرم ہیں۔
انسانیت اور بھائی چارے کی یاد دہانی
عوامی ردِعمل میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ افغان عوام کو پناہ، روزگار اور سہولیات فراہم کی ہیں۔
عوام کا کہنا ہے کہ ہم نے افغان بھائیوں کو اپنے گھروں میں جگہ دی، انہیں کھانا، لباس اور روزگار دیا، یہ سب انسانیت اور اسلامی بھائی چارے کے جذبے کے تحت تھا، مگر اس کے جواب میں افغان عبوری حکومت کی احسان ناشناسی قابل مذمت ہے۔
پاکستان فوج کی جوابی کاروائی میں افغان طالبان کے منوجبا کیمپ 3 کو بھی مکمل تباہ کر دیا گیا!
ویڈیو میں افغان طالبان کے منوجبا کیمپ 3 کی انگیجمنٹ اور اسٹرائیک کے بعد مکمل تباہی دیکھی جا سکتی ہے! pic.twitter.com/ogXJkp0rOF— WE News (@WENewsPk) October 12, 2025
پاکستانی حکام نے واضح کیا ہے کہ ملک کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہر جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔ سرحدوں کی حفاظت پاک فوج کے مضبوط ہاتھوں میں ہے، اور پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے۔