وفاقی حکومت نے ساتویں خانہ و مردم شماری کا فیلڈ آپریشن بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ترجمان ادارہ شماریات کے مطابق ڈیٹا کی مکمل کوریج کو یقینی بنانے کے لیے تصدیق کا عمل 15 دن تک جاری رہے گا۔
ترجمان نے کہا کہ مردم شماری کے فیلڈ اسٹاف، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز مردم شماری کی تکمیل کا سرٹیفکیٹ فراہم کریں گے اور ادائیگی تکمیلی سرٹیفکیٹ کی فراہمی کے بعد کی جائے گی۔
ترجمان ادارہ شماریات کے مطابق حساس علاقوں اور اجتماعی رہائش گاہوں میں مقیم افراد کا ڈیٹا بلاکس میں شامل کیا جائے گا، نادرا اور سپارکو انڈر اور اوور رپورٹنگ کی نشاندہی کے لیے کمیٹی کو تکنیکی معاونت فراہم کریں گے۔
اس سے قبل 5 بار مردم شماری و خانہ شماری 2023 کے وقت میں توسیع کی گئی تھی۔
پہلی بار 10 اپریل، دوسری مرتبہ 15 اپریل، تیسری مرتبہ 20 اپریل اور چوتھی بار 30 اپریل تک وقت میں توسیع کی گئی تھی۔ جبکہ پانچویں بار 15 مئی تک توسیع دی گئی تھی۔
30 اپریل تک ہونے والی مردم شماری کے اعداد وشمار بھی جاری کر دیے گئے ہیں جس کے مطابق اب تک ملک بھر میں 23 کروڑ 90 لاکھ 17 ہزار 494 افراد کو شمار کیا گیا ہے۔