قومی ادارہ برائے تعلیمی پیشہ ورانہ ترقی نے سیاحت اور مہمان نوازی کی صنعت میں خصوصی تربیتی پروگرام کا آغاز کردیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ پروگرام وزارتِ سیاحت کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کی قدرتی حسن سے مالامال وادی رازَن سیاحت کا نیا مرکز بن گئی
اس پروگرام کا مقصد قومی سطح کے اہم شعبوں میں پیشہ ورانہ ترقی کو فروغ دینا اور مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کی تکمیل میں معاونت فراہم کرنا ہے۔
جمعرات سے شروع ہونے والے اس پروگرام کے تحت مختلف مضامین اور تعلیمی سطحوں کے اساتذہ سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبے سے متعلق اپنی معلومات میں اضافہ کر سکیں گے اور یہ سمجھ سکیں گے کہ یہ شعبہ ملکی معیشت میں کس طرح کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
پروگرام کا ایک اہم پہلو اساتذہ کو یہ تربیت دینا ہے کہ وہ سعودی عرب کے تاریخی، قدرتی اور ثقافتی سیاحتی وسائل کو تدریس میں مؤثر انداز سے شامل کر سکیں، تاکہ طلبہ میں قومی شناخت اور فخر کا احساس مزید مضبوط ہو۔
یہ اقدام ادارے کی اس پالیسی کا حصہ ہے جس کے تحت مختلف سرکاری و نجی شعبوں کے ساتھ شراکت داریوں کے ذریعے تعلیمی طریقہ کار کو بہتر بنانا اور اساتذہ کے پیشہ ورانہ مواد کو مزید مالامال کرنا مقصود ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں سیاحتی شعبے میں ’سعودائزیشن‘ کے نئے قواعد منظور
یہ پروگرام وزارت تعلیم کے اس ہدف کی بھی تکمیل کرتا ہے جس کے تحت سعودی شہریوں کی مہارتوں میں اضافہ کرکے انہیں پائیدار ترقی کے اہداف میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا رہا ہے۔














