مائیکروسافٹ نے اپنا پہلا ان ہاؤس مصنوعی ذہانت پر مبنی امیج جنریٹر ایم اے آئی امیج ون (MAI-Image-1) متعارف کروا دیا ہے، جس کے بارے میں کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ رفتار، معیار اور حقیقت پسندی کے لحاظ سے اوپن اے آئی کے سورا اور گوگل کے نینو بنانا ماڈلز سے بہتر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا مائیکروسافٹ کا نیا اے آئی ماڈل صارفین کی سیکیورٹی کے لیے خطرناک ہے؟
مائیکروسافٹ کے مطابق یہ نیا ماڈل فوٹو ریئلسٹک تصاویر بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، جو روشنی، عکس، بناوٹ اور قدرتی مناظر کو نہایت حقیقت سے قریب انداز میں ظاہر کرتا ہے۔ مائیکروسافٹ کا دعویٰ ہے کہ ایم اے آئی امیج ون نہ صرف تیزی سے نتائج فراہم کرتا ہے بلکہ کئی بڑے اے آئی ماڈلز کے مقابلے میں زیادہ مؤثر اور کم توانائی استعمال کرنے والا ہے۔
ماڈل کی تیاری کے دوران مائیکروسافٹ نے پیشہ ور فوٹوگرافروں اور ڈیزائنرز سے براہِ راست فیڈبیک حاصل کیا تاکہ تصاویر زیادہ قدرتی، جاندار اور تخلیقی نظر آئیں، بجائے اُن مصنوعی انداز کی تصویروں کے جو عام طور پر اے آئی پلیٹ فارمز تیار کرتے ہیں۔
مائیکروسافٹ کا یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب کمپنی آہستہ آہستہ اوپن اے آئی پر اپنا انحصار کم کر رہی ہے۔ فی الحال اے آئی امیجنگ کے میدان میں اوپن اے آئی اور گوگل دو نمایاں کھلاڑی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مصنوعی ذہانت سے ویڈیو کی تخلیق، اوپن اے آئی نے سورا 2 لانچ کردیا
اوپن اے آئی نے حال ہی میں اپنی سورا ایپ ایپل کے ایپ اسٹور (امریکا اور کینیڈا) میں متعارف کرائی ہے، جو صارفین کو اے آئی کی مدد سے ویڈیوز بنانے اور شیئر کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے، جبکہ گوگل کا نینو بنانا ماڈل پاکستان اور بھارت سمیت کئی ممالک میں تخلیقی تجربات کے لیے خاصا مقبول ہو رہا ہے۔
ایسے میں مائیکروسافٹ کا ایم اے آئی امیج ون میدان میں آنا کمپنی کے لیے ایک خودمختار اور جدت پر مبنی اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ ماڈل پہلے ہی عالمی اے آئی بینچ مارک پلیٹ فارم ایل ایم ارینا (LMArena) پر دنیا کے ٹاپ 10 ماڈلز میں شامل ہو چکا ہے، جہاں صارفین مختلف ماڈلز کی تصاویر کا موازنہ کر کے بہترین کو ووٹ دیتے ہیں۔
ایم اے آئی امیج ون مائیکروسافٹ کے تین خود تیار کردہ اے آئی ماڈلز میں سے ایک ہے۔ اس کے ساتھ ہی کمپنی نے اپنے مائیکروسافٹ 365 فیچرز میں اینتھروپک (Anthropic) کے ماڈلز کا استعمال بھی شروع کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فیگما اور گوگل میں شراکت، جیمنی اے آئی اب ڈیزائن پلیٹ فارم کا حصہ
فی الحال یہ نیا ماڈل صرف ایل ایم ارینا پر دستیاب ہے، تاہم مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ جلد ہی اسے کو پائلٹ (Copilot) اور بنگ امیج کریئیٹر (Bing Image Creator) میں بھی شامل کیا جائے گا تاکہ زیادہ صارفین اس نئی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا سکیں۔
ماہرین کے مطابق مائیکروسافٹ کا یہ قدم اس بات کا اظہار ہے کہ کمپنی اب اپنی آزاد اے آئی شناخت قائم کرنے کے سفر پر گامزن ہے۔ اگر ایم اے آئی امیج ون اپنے دعووں پر پورا اترا تو یہ تخلیقی شعبے کے لیے ایک حقیقی انقلاب ثابت ہو سکتا ہے۔













