ماضی کی نامور اداکارہ مدیحہ شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بالی ووڈ کی مشہور فلم ’موہرہ‘ میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی تھی، تاہم انہوں نے اپنے وطن میں کام کو ترجیح دیتے ہوئے اس پیشکش کو قبول نہیں کیا۔
مدیحہ شاہ، جو پاکستانی فلم اور ٹیلی ویژن انڈسٹری کا ایک مقبول نام ہیں، حال ہی میں معروف شاعر اور میزبان وصی شاہ کے شو میں مہمان بنیں۔ دورانِ گفتگو انہوں نے اپنے فنی سفر اور مختلف موضوعات کے حوالے سے بات کی۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ صاحبہ سے متعلق ریمبو کے وہ 2 دعوے جو ہو بہو پورے ہوئے
اداکارہ نے بتایا کہ انہیں بالی ووڈ سپر اسٹار اکشے کمار کے ساتھ فلم موہرہ میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی تھی، جو آج بھی اپنے مقبول گانے ’تو چیز بڑی ہے مست مست‘ کے لیے مشہور ہے۔ تاہم، مدیحہ شاہ نے اس پیشکش کو ٹھکرا دیا کیونکہ وہ اپنے ملک پاکستان میں کام کو فوقیت دینا چاہتی تھیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ افضال احمد ان کی اداکاری سے اتنے متاثر تھے کہ اکثر جذباتی ہو کر رو پڑتے تھے جبکہ انیل کپور کے والد اور شبانہ اعظمی نے ان کے ڈرامے ’جنم جنم کی میلی چادر‘ کو دیکھا تھا، جب کہ بھارتی شاعر گلزار اسے دیکھنے کے خواہشمند تھے۔
یہ بھی پڑھیں: فیصل قریشی اپنی پسندیدہ پاکستانی اداکاراؤں کے بارے میں کیا کچھ کہتے ہیں؟
مدیحہ شاہ کا کہنا تھا کہ شبانہ اعظمی نے ان کی پرفارمنس دیکھ کر جذباتی ہوئیں اور رو پڑیں پھر ان کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت میں بھی تھیٹر ہوتا ہے مگر یہ تھیٹر ڈراما اپنی مثال آپ ہے۔













