کراچی میں ساؤتھ زون پولیس نے سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت پہلی بڑی کامیابی حاصل کر لی۔ ’فیشل ریکگنیشن‘ کیمروں کی مدد سے مفرور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا، جو اس جدید نظام کے ذریعے گرفتاری کا پہلا کیس ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ حکومت کا کراچی سیف سٹی پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ، منصوبے پر کتنی لاگت آئے گی؟
ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا کے مطابق ساؤتھ زون پولیس نے جدید فیشل ریکگنیشن ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کیا جو طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔
ڈی آئی جی نے بتایا کہ آج ای آر وی SP-0853 ڈیٹا کارنر کو فیشل ریکگنیشن سسٹم کے ذریعے ایک الرٹ موصول ہوا۔ سسٹم نے ایک موٹرسائیکل سوار کو سابقہ جرائم پیشہ ریکارڈ رکھنے والے ملزم کے طور پر شناخت کیا۔
پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ شخص کو روکا اور اس کا قومی شناختی کارڈ چیک کیا۔ تصدیق کے دوران معلوم ہوا کہ اس شخص کا نام عبدالعظیم ہے جو چھ مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔
یہ بھی پڑھیں: یکم اکتوبر سے کراچی میں ٹریفک وارڈنز خلاف ورزی پر چالان نہیں کریں گے، لیکن کیوں؟
ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ کارروائی کراچی میں سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت فیشل ریکگنیشن ٹیکنالوجی کی کامیاب افادیت کا پہلا عملی ثبوت ہے۔