وفاقی وزیرِ برائے انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ نے اسلام آباد کے ایک معروف شاپنگ مال میں خاتون سے مبینہ زیادتی کے واقعے کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔
وفاقی وزیر نے آئی جی اسلام آباد کو ہدایت کی ہے کہ واقعے کی تحقیقات شفاف، منصفانہ اور جلد مکمل کی جائیں تاکہ حقائق سامنے آئیں اور متاثرہ خاتون کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب: سیالکوٹ پولیس کی اہم کارروائی، خاتون کو سڑک پر ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار
اعظم نذیر تارڑ نے واضح کیا کہ اس افسوسناک واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سخت کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے تحفظ اور عزتِ نفس کا احترام حکومت کی انسانی حقوق پالیسی کا بنیادی اور اہم حصہ ہے۔

وزیرِ انسانی حقوق نے مزید ہدایت کی کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ایسے حساس نوعیت کے معاملات میں بروقت، ذمہ دارانہ اور انسانی ہمدردی کے ساتھ کارروائی یقینی بنائیں تاکہ معاشرے میں خواتین کے تحفظ کا احساس مضبوط ہو۔













