بلوچستان کے ضلع دُکی میں پوست کی غیرقانونی کاشت کے خلاف ضلعی انتظامیہ اور محکمہ داخلہ بلوچستان نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 75 زمینداروں کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کر دیے ہیں۔
محکمہ داخلہ کے مطابق، زمینداروں کے نام ڈپٹی کمشنر دُکی کی سفارش پر فورتھ شیڈول میں ڈالے گئے۔ اس اقدام کا مقصد پوست کی کاشت کی روک تھام اور انسدادِ منشیات کے قوانین پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔
مزید پڑھیں: طالبان کی پابندی کے باوجود افغانستان میں پوست کی کاشت میں کئی گنا اضافہ
محکمہ داخلہ بلوچستان نے وضاحت کی ہے کہ فورتھ شیڈول میں شامل افراد کسی بھی دہشت گردانہ سرگرمی یا تنظیم میں ملوث نہ ہونے کی ضمانت دیں گے۔ یہ ضمانت 5 لاکھ روپے کے سیکیورٹی بانڈ کی صورت میں جمع کرائی جائے گی، جسے ڈپٹی کمشنر یا ڈی پی او کی ویری فکیشن کے بعد قبول کیا جائے گا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ جب تک کسی زمیندار کا نام فورتھ شیڈول میں شامل رہے گا، اس کی تمام جائیدادیں ضبط تصور کی جائیں گی اور اثاثوں کی جانچ پڑتال کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے ذریعے کی جائے گی۔
فورتھ شیڈول میں شامل زمینداروں کو اپنی سفری تفصیلات اور رہائشی ٹھکانوں۔کے بارے میں لیویز اور مقامی پولیس کو پیشگی اطلاع دینا اور اجازت لینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: صوابی میں 150ایکڑ اراضی پر کاشت پوست کی فصل تلف کر دی گئی

محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ زمیندار فورتھ شیڈول میں نام شامل کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست بھی دے سکتے ہیں، تاہم اس کے لیے قانونی تقاضے پورے کرنا ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق یہ کارروائی بلوچستان میں منشیات کی کاشت کے خاتمے اور قانون کی بالادستی کے سلسلے میں ایک اہم پیشرفت تصور کی جا رہی ہے۔













