امریکی حکام کے مطابق 28 سالہ بھارتی شہری پرنیت کمار اُسیری پَلّی کو اُس وقت گرفتار کر لیا گیا جب اُس نے امریکا سے جرمنی جانے والی لفتھانزا (Lufthansa) پرواز میں دو 17 سالہ مسافروں پر دھاتی کانٹے سے حملہ کیا۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق، پہلے متاثرہ لڑکا اپنی نشست پر سو رہا تھا جب ملزم نے اچانک اُس کے کندھے پر کانٹا مارا، جس کے بعد اُس نے دوسرے لڑکے کے سر کے پچھلے حصے پر بھی وار کیا۔ واقعے کے دوران اُس نے ایک خاتون مسافر کو تھپڑ مارا اور ایک عملے کے رکن کو بھی مارنے کی کوشش کی۔
مزید پڑھیں: ماؤ نواز علاقوں میں تعینات بھارتی فوجی اہلکاروں کی خودکشیاں بڑھنے لگیں
طیارے کے عملے نے صورتحال پر قابو پانے کے بعد پرواز کو بوسٹن لاگن انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جانب موڑ دیا، جہاں ملزم کو ایف بی آئی نے حراست میں لے لیا۔
امریکی اٹارنی آفس کے مطابق، ملزم پر خطرناک ہتھیار سے حملے کا الزام عائد کیا گیا ہے، جس کی زیادہ سے زیادہ سزا 10 سال قید اور 2.5 لاکھ ڈالر جرمانہ ہو سکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق، بھارتی شہری کے پاس فی الحال امریکا میں قانونی حیثیت نہیں ہے اور وہ پہلے طالبعلمی ویزا پر داخل ہوا تھا۔














