پاکستان تحریکِ انصاف نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ محترمہ علیمہ خانم کی مبینہ ملاقات سے متعلق خبر کو جھوٹا، بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا ہے۔
پی ٹی آئی کے ترجمان نے واضح کیا کہ نہ تو علیمہ خان کی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے کوئی ملاقات ہوئی ہے اور نہ ہی انہوں نے کابینہ میں کسی نام کی سفارش یا اصرار کیا۔ ترجمان کے مطابق یہ خبر سراسر غلط معلومات پر مبنی ہے اور اس کا مقصد گمراہ کن تاثر دینا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ایسے جھوٹے دعوے میڈیا کے اعتماد کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ پاکستان تحریکِ انصاف نے میڈیا اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ذمہ دارانہ صحافت کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی خبر کی نشر یا اشاعت سے قبل اس کی تصدیق لازمی کریں تاکہ عوام میں غلط فہمیاں پیدا نہ ہوں۔













