اقوام متحدہ کی جانب سے ساتواں عالمی ہفتہ برائے روڈ سیفٹی 15 سے 21 مئی کے دوران منایا جا رہا ہے جس کا مقصد دنیا بھر میں روڈ سیفٹی کو فروغ دینا ہے۔
اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق سڑک پر حادثے کے دوران لگنے والی چوٹیں دنیا بھر میں موت اور معذوری کی سب سے بڑی وجہ ہے، ہر سال تقریبا 13 لاکھ افراد ہلاک اور 5 کروڑ لوگ زخمی ہوتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ہر 5 سے 29 سال کی عمر کے لوگوں کے لیے ان کی زندگی کا سب سے بڑا خطرہ یہی ہوتا ہے۔
’ہر 4 میں سے ایک موت سڑک پر پیدل چلنے والے یا سائیکل اورموٹر سائیکل سوار کی ہوتی ہے۔‘
رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کا عالمی روڈ سیفٹی کے لیے اگلے دس سال 2021 سے 2030 تک کا پلان سڑک پر ہونے والے حادثات کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے پیش نظر بنایا گیا تاکہ اگلے 10 سال تک کم از کم 50 فیصد روڈ ٹریفک حادثات میں کمی لائی جا سکے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ محفوظ سڑکوں، گاڑیوں اور طرز عمل کو یقینی بنانے اور ہنگامی دیکھ بھال کو بہتر بنانے کے لیے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن ( ڈبلیو ایچ او) اپنے شریک ممبران کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کے عالمی روڈ سیفٹی ویکس کا انعقاد کرتا ہے۔
مزید پڑھیں
اقوام متحدہ کے اس ساتویں ایڈیشن کا مقصد پائیدار نقل و حمل پر توجہ مرکوز کرانا ہے، خاص طور پر پیدل چلنے، سائیکل چلانے اور پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال کرنے والوں کو خاص توجہ کی ضرورت ہے۔
ڈبلیو ایچ او ان تمام شراکت داروں کو اقوام متحدہ کے عالمی ہفتہ برائے روڈ سیفٹی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے اس ہفتے کا اہتمام کرتا ہے اورتمام لوگوں کو یہ پیغام دنیا بھر میں پہنچانے کی دعوت دیتا ہے۔