آئرلینڈ نے بنگلہ دیش میں جاری پولیس اصلاحاتی عمل میں مدد فراہم کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ شفاف اور انسانی حقوق پر مبنی طرز حکمرانی کے فروغ میں اپنا تجربہ اور مہارت شیئر کرنے کے لیے تیار ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دفاعی صنعت میں انقلاب، بنگلہ دیش کا ڈیفینس اکنامک زون قائم کرنے کا منصوبہ
یہ پیشکش جولائی 2024 کی عوامی تحریک کے بعد سامنے آئی ہے۔ یہ بات اس وقت کہی گئی جب آئرلینڈ کے غیر مقیم سفیر کیوِن کیلی اور شمالی آئرلینڈ کی پہلی پولیس محتسب بیرو نیس نیولا او لون نے بدھ کے روز اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے ملاقات کی۔
بیرو نیس او لون، جو دو روزہ دورے پر ڈھاکہ میں موجود ہیں، شمالی آئرلینڈ کے پولیس محتسب کے طور پر 7 برس تک خدمات انجام دے چکی ہیں۔ وہ سنہ 1998 کے تاریخی گڈ فرائیڈے معاہدے کے بعد شمالی آئرلینڈ میں امن کی بحالی اور پولیس نظام میں اصلاحات کے عمل میں کلیدی کردار ادا کر چکی ہیں۔
انہوں نے ملاقات کے دوران کہا کہ آئرلینڈ کے بعد از تنازعہ تجربات صبر، شمولیت اور ادارہ جاتی اصلاحات کے طویل المدتی عمل کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم پائیدار تبدیلی کے لیے حقیقت پسندانہ اوقات اور عملی رہنمائی فراہم کرنے آئے ہیں۔
مزید پڑھیے: بنگلہ دیش ایئر فورس کا چین کے اشتراک سے ڈرون پلانٹ قائم کرنے کا اعلان
بیرو نیس او لون کے ہمراہ آئرلینڈ کی وزارت خارجہ و تجارت کے ڈائریکٹر برائے امن و استحکام یونٹ فیونوئلا گلزینن بھی موجود تھیں۔
برطانیہ کی ہائی کمشنر سارہ کُک نے بھی اس ملاقات میں شرکت کی۔
چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس نے آئرلینڈ کی پیشکش کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش اپنے اصلاحاتی و عبوری عمل میں آئرلینڈ کی شمولیت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
مزید پڑھیں: بنگلہ دیش عام انتخابات: چیف ایڈوائزر محمد یونس نے سیکیورٹی انتظامات کے لیے اہم ہدایات جاری کردیں
انہوں نے کہا کہ ہم آئرلینڈ کے تعاون کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں تاکہ ہمارا موجودہ عبوری عمل پُرامن، جمہوری اور (عوام کو) جوابدہ رہے۔
پروفیسر یونس نے سفیر کیلی سے درخواست کی کہ وہ آئندہ قومی انتخابات (فروری 2026) سے قبل غلط معلومات کے پھیلاؤ کے خلاف کوششوں میں بھی تعاون کریں۔
سفیر کیلی نے یقین دہانی کرائی کہ آئرلینڈ بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
یہ بھی پڑھیے: یورپی یونین کا بنگلہ دیش میں عام انتخابات کے لیے بڑی مبصر ٹیم بھیجنے کا اعلان
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک امن، انصاف اور جمہوری اقدار کے فروغ میں یکساں طور پر یقین رکھتے ہیں اور آئرلینڈ بنگلہ دیش کے ساتھ اس شراکت داری کو مزید مستحکم کرے گا۔














