پاکستان اور قطر نے دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں میں اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
یہ اتفاقِ رائے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور قطر کے نائب وزیرِاعظم و وزیرِ مملکت برائے دفاعی امور شیخ سعود بن عبدالرحمن بن حسن بن علی آل ثانی کے درمیان دوسری عالمی سماجی ترقی کانفرنس کے موقع پر دوحہ میں ملاقات کے دوران ہوا۔
مزید پڑھیں: صدر زرداری کی امیرِ قطر سے ملاقات، پاکستان اور قطر کے تاریخی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
صدر زرداری نے پاکستان اور قطر کے درمیان قریبی اور تاریخی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی مسلح افواج کے مابین تربیت، استعدادِ کار میں اضافہ اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون قابلِ ستائش ہے۔
انہوں نے مشترکہ فوجی مشقوں، دفاعی ٹیکنالوجی اور ماہرین کے تبادلے میں مزید تعاون پر زور دیا، تاکہ علاقائی امن و استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کا وژن دوحہ اعلامیہ کی روح سے ہم آہنگ ہے، صدر مملکت آصف علی زرداری
قطر کے نائب وزیرِاعظم نے پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور مشترکہ دفاعی پیداوار اور منصوبوں کو وسعت دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ قطر افغان امن و استحکام کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔













