پنجاب میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے درمیان سیاسی محاذ آرائی نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔
صوبائی وزیر مواصلات صہیب بھرتھ نے پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلزپارٹی کے مسلم لیگ ن کے ساتھ اختلافات ہائی لیول پر چلے گئے ہیں، گورنر پنجاب
ذرائع کے مطابق، صہیب بھرتھ نے اس حوالے سے اپنے وکلا سے قانونی نکات پر مشاورت مکمل کر لی ہے اور وہ جلد ہی ہتکِ عزت کا دعویٰ دائر کرنے والے ہیں۔
صوبائی وزیر کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ندیم افضل چن نے سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں میں کمیشن لینے کے جھوٹے الزامات عائد کیے۔
ان کے مطابق، ان الزامات کے ذریعے صہیب بھرتھ کی سیاسی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔
مزید پڑھیں: پاور شیئرنگ فارمولا، کیا مسلم لیگ ن نے پنجاب کی حد تک پیپلزپارٹی کے تمام مطالبات مان لیے؟
صہیب بھرتھ کے مطابق، وہ اس طرح کے بے بنیاد الزامات کو برداشت نہیں کریں گے اور معاملہ عدالت میں لے جایا جائے گا۔
دوسری جانب، ندیم افضل چن کی جانب سے تاحال اس معاملے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔













