چین نے لیجیان-1 وائی 9 کیریئر راکٹ کامیابی سے خلائی مدار میں لانچ کر دیا ہے۔
چین کے سرکاری خبر رساں ادارے شِنہوا کے مطابق چین نے اپنے خلائی پروگرام میں ایک اور اہم پیشرفت کرتے ہوئے اتوار کے روز لیجیان-1 وائی 9 کیریئر راکٹ کامیابی سے لانچ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: چینی خلابازوں کی واپسی مؤخر، خلائی ملبے کے ممکنہ ٹکراؤ کا شبہ
یہ راکٹ شمال مغربی چین کے جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر کے قریب ڈونگ فینگ کمرشل اسپیس انوویشن پائلٹ زون سے بیجنگ کے مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بج کر 32 منٹ پر روانہ ہوا۔

لیجیان-1 وائی 9 راکٹ 2 ٹیکنیکل تجرباتی سیٹلائٹس لے کر خلا میں بھیجا گیا تھا، جنہیں اس نے کامیابی کے ساتھ اپنے مقررہ مدار میں پہنچا دیا۔ یہ لانچ چین کے بڑھتے ہوئے تجارتی خلائی پروگرام کا حصہ ہے، جس کا مقصد ملک میں تیار کردہ جدید راکٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے خلا میں سیٹلائٹس بھیجنے کے اخراجات کم کرنا اور مقامی سطح پر خلائی صنعت کو فروغ دینا ہے۔
یہ مشن مکمل طور پر کامیاب رہا اور اس نے چین کی نجی خلائی کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کو بھی نمایاں کیا۔ ڈونگ فینگ کمرشل اسپیس انوویشن زون سے کیا گیا یہ لانچ اس بات کی علامت ہے کہ چین سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ نجی شعبے کو بھی خلائی دوڑ میں شراکت دار بنا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چین کی خلائی کامیابی، تجارتی راکٹ کامیابی سے مدار میں پہنچا دیا
تصاویر میں دیکھا گیا کہ لیجیان-1 وائی 9 راکٹ دھوئیں کے بادلوں میں لپٹا آسمان کی جانب بلند ہوا اور چند منٹ بعد دو تجرباتی سیٹلائٹس کو کامیابی سے مدار میں چھوڑ دیا۔ یہ سیٹلائٹس مختلف سائنسی اور تکنیکی تجربات کے لیے استعمال کیے جائیں گے جو مستقبل میں چین کے خلائی مشنوں کے لیے راہ ہموار کریں گے۔

یہ لانچ چین کے لیے ایک اور سنگِ میل ثابت ہوا ہے، جو گزشتہ چند برسوں میں دنیا کے سب سے متحرک خلائی ممالک میں شمار ہونے لگا ہے۔














