وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ افغان طالبان رجیم کی سہولت کاری کے بغیر پاکستان پر حملے ممکن نہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سافٹ ٹارگٹ کو نشانہ بنانے کا مطلب ہے کہ دہشتگرد شکست کھا چکے ہیں۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد کچہری کے باہر خودکش دھماکا، 12 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
انہوں نے کہاکہ افغان طالبان کی جانب سے کیے گئے تمام حملوں کے ثبوت پاکستان کے پاس موجود ہیں، یہ ممکن نہیں کہ افغان طالبان رجیم کی سہولت کاری کے بغیر یہاں حملے ہو سکیں۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں، تاہم دہشتگردی کے پیچھے موجود عناصر تک پہنچ کر انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ بھارتی سرپرستی میں دہشتگردی کرنے والے گروہوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑےگا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی ضلعی کچہری کے باہر خود کش دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 12 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد کچہری حملہ ’ویک اپ کال‘ قرار، ہم حالتِ جنگ میں ہیں، خواجہ آصف
اس کے علاوہ گزشتہ روز کیڈٹ کالج وانا میں خود کش حملہ ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے 2 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ کالج کی عمارت میں موجود 3 دہشتگردوں کو محصور کرکے ان کے خلاف آپریشن جاری ہے۔













