وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سری لنکن کرکٹ ٹیم کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دینے کا اعلان کردیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ سری لنکا بمقابلہ پاکستان میچ کے دوران مہمان ٹیم کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے گئے ہیں اور اس میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا۔
راولپنڈی:وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ
محسن نقوی نے سٹیڈیم میں جاری سری لنکا بمقابلہ پاکستان میچ کے لئے کیے گئے سکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا
محسن نقوی نے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا
سری لنکن کرکٹ ٹیم کو سٹیٹ گیسٹ کا… pic.twitter.com/RIPoDNe7Yi
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) November 11, 2025
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہاکہ ملک میں امن و استحکام کے فروغ کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور دیگر سرگرمیوں کی ترقی بھی ہمارا مشترکہ مقصد ہے۔
وزیر داخلہ کا یہ دورہ اس وقت انجام پایا جب آج دوپہر اسلام آباد کے جی الیون علاقے میں کچہری کے باہر پولیس کی گاڑی پر خودکش دھماکے میں 12 افراد شہید اور 27 زخمی ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی ضلعی کچہری کے باہر خود کش دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 12 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
اس کے علاوہ گزشتہ روز کیڈٹ کالج وانا میں خود کش حملہ ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے 2 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ کالج کی عمارت میں موجود 3 دہشتگردوں کو محصور کرکے ان کے خلاف آپریشن جاری ہے۔













