صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایوان صدر میں ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدرِ مملکت اور وزیراعظم نے دہشتگردی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کی۔
دونوں قائدین نے اس عزم کا اعادہ کہ غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگردوں اور اُن کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔
ملاقات میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزرا محسن نقوی، چوہدری سالک حسین، اعظم نذیر تارڑ، خالد حسین مگسی اور عبدالعلیم خان بھی موجود تھے۔
ہم اس وقت افغانستان کے ساتھ حالت جنگ میں ہیں، وزیر دفاع خواجہ آصف
قبل ازیں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاکہ ہم اس وقت افغانستان کے ساتھ حالت جنگ میں ہیں، اسلام آباد اور وانا حملوں کا ایسا جواب دیں گے کہ دنیا دیکھے گی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں حملہ کرکے افغان طالبان نے ہمیں ایک پیغام دیا ہے، اور یہ دباؤ بڑھانے کی ایک کوشش ہے۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد کچہری کے باہر خودکش دھماکا، 12 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
انہوں نے کہاکہ پاک افغان مذاکرات کے پہلے دور میں خود موجود تھا، مجھے یہ بات سمجھ آئی ہے کہ افغانستان اپنی سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشتگردی کو نہیں روکنا چاہتا، اور اسی لیے بات چیت کامیاب نہیں ہو سکی۔














