وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اسلام آباد میں ہونے والے خود کش دھماکے کی مذمت کی ہے۔
پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو اسلام آباد دھماکے کی اطلاع ملی، جس پر انہوں نے فوراً واقعے کی سخت مذمت کی۔
سہیل آفریدی نے کہاکہ مجھے ابھی بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں دھماکا ہوا ہے، یہ ایک بزدلانہ کارروائی ہے جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ گزشتہ روز وانا میں کیڈٹ کالج پر ہونے والے حملے کی بھی ہم مذمت کرتے ہیں، مگر اس طرح کے واقعات سے ہم خوفزدہ نہیں ہوں گے، دہشتگردی کے خلاف ہمیشہ ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ امن کے قیام کے لیے پورے پاکستان، بالخصوص خیبر پختونخوا کے عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں، اور ہم ملک میں پائیدار امن واپس لانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
اطلاع ملنے کے بعد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اپنی تقریر ادھوری چھوڑ کر فوری طور پر تقریب سے روانگی اختیار کرلی۔
قبل ازیں پی ٹی آئی نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا تھا کہ ہم اسلام آباد دھماکے اور کیڈٹ کالج وانا پر ہونے والے حملوں میں شہید ہونے والے اہلکاروں اور شہریوں کے لیے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں، اور اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ شہدا کے درجات بلند فرمائے، زخمیوں کو صحتِ کاملہ عطا کرے، اور متاثرہ خاندانوں کو صبر و حوصلہ دے۔
مزید پڑھیں: ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے: پی ٹی آئی کی اسلام آباد اور وانا میں دہشتگردی کی مذمت
بیان میں کہا گیا کہ یہ حملے واضح کرتے ہیں کہ پاکستان کے دشمن خواہ اندرونی ہوں یا بیرونی ملک کو دوبارہ غیر یقینی اور خوف میں دھکیلنا چاہتے ہیں۔ پاکستان تحریکِ انصاف ملکی سلامتی، عوام کے تحفظ اور قومی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرےگی۔













