فٹبال کی دنیا کے عظیم کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے پرتگالی اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے اپنی ریٹائرمنٹ پلانز پر بات کرتے ہوئے ایک بار پھر شائقین کو حیران کر دیا۔
40 سالہ رونالڈو، جو سعودی کلب النصر کے لیے کھیل رہے ہیں اور اب تک 953 گولز کر چکے ہیں، نے کہا کہ وہ اپنی فٹنس برقرار رکھنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں اور ابھی کھیل جاری رکھنے کا عزم رکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: ڈونلڈ ٹرمپ دنیا بدل سکتے ہیں، ان سے ملنا چاہتا ہوں، کرسٹیانو رونالڈو امریکی صدر کے مداح نکلے
ایک پریس کانفرنس میں جب ان سے ریٹائرمنٹ کے بارے میں پوچھا گیا تو رونالڈو نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ریٹائرمنٹ 10 سال بعد آئے گی، میرے لیے یہ بہت جلد ہے۔ لوگ سمجھتے ہیں کہ جب میں کہتا ہوں جلد ریٹائرمنٹ لوں گا تو مطلب چند ماہ یا ایک سال، مگر میں مذاق کر رہا ہوں۔ عمر کے ایک مرحلے پر پہنچ کر وقت تیزی سے گزرنے لگتا ہے۔

انہوں نے عندیہ دیا کہ اگرچہ وہ مذاق میں بات کر رہے تھے، لیکن ممکنہ طور پر اگلا ورلڈ کپ 2026 ان کا آخری ٹورنامنٹ ہو گا۔
‘میں 41 سال کا ہوں گا، اور شاید وہی وقت ہو گا (ریٹائرمنٹ کا)، لیکن کون جانتا ہے؟ میں اس وقت لمحے سے لطف اندوز ہو رہا ہوں۔’
یہ بھی پڑھیے: ’میں نہیں سمجھتا کہ وہ مجھ سے بہتر ہیں‘، رونالڈو میسی کے دعوے پر بول پڑے
رونالڈو اب تک 5 ورلڈ کپ ایڈیشنز (2006 سے 2022 تک) میں پرتگال کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ ان کا بہترین نتیجہ 2006 میں سیمی فائنل تک رسائی تھا۔
آئندہ ورلڈ کپ ان کے شاندار کیریئر کے اختتامی باب کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جہاں وہ اپنے خواب ورلڈ کپ ٹرافی جیتنے کو حقیقت میں بدلنے کی آخری کوشش کریں گے۔














