پاکستان کی جانب سے اردن کے شاہ عبداللہ دوم کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ نشان پاکستان سے نواز دیا گیا۔
اتوار کے روز ایوان صدر میں اردن کے شاہ عبداللہ دوم کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دینے کے لیے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزرا اور دیگر سیاسی و عسکری قیادت نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم اور اردن کے بادشاہ کی ملاقات، اسٹریٹجک اور اقتصادی تعلقات بڑھانے کا عزم، کئی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا، تقریب میں دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے، صدر مملکت آصف علی زرداری نے شاہ عبداللہ دوم کو نشان امتیاز سے نوازا۔
شاہ عبداللہ دوم کو دو طرفہ تعلقات مضبوط بنانے، عالمی وعلاقائی امن کیلیے خدمات کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا گیا۔

اس موقع پر شاہ عبداللہ دوم نے بھی صدر پاکستان آصف علی زرداری کو اردن کا اعلیٰ ترین اعزاز دیا۔
واضح رہے کہ اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم پاکستان کا دو روزہ دورہ مکمل کر کے واپس روانہ ہو گئے ہیں، دورہ پاکستان کے موقع پر انہوں نے اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسٹریٹجک اداروں کے سائنسدانوں اور انجینیئرز کو شاندار خدمات پر سول ایوارڈز سے نواز دیا گیا
بادشاہ اردن کے دورہ کے موقع پر دونوں ممالک کے تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا، جبکہ کئی مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔
گزشتہ روز جب اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم پاکستان پہنچے تو صدر مملکت آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف نے خود ایئرپورٹ پر ان کا فقید المثال استقبال کیا۔ جبکہ وزیراعظم ہاؤس میں انہیں گارڈ آف آنر بھی دیا گیا۔













