لاہور میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جب فارم 47 کی بنیاد پر حکومت بنائیں گے تو لوگوں کا جمہوریت پر سے اعتماد اٹھ جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی جیت گئی تھی لیکن بندے خریدے گئے یا نہیں آنے دیے گئے جس کی وجہ سے ایک شخص وہان زبردستی میئر بن گیا۔
یہ بھی پڑھیے: ’احترام کا رشتہ برقرار رہے گا‘ مشتاق احمد خان کا جماعت اسلامی سے علیحدگی کا اعلان
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایم کیوایم قومی انتخابات میں 5 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز میں سے ایک بھی نہیں جیتی مگر قومی اسمبلی کی 15 نشستیں انہیں دی گئیں، اب شہری حقوق کے چیمپیئن بنے پھر رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جمہوری آزادی اور عدلیہ پر قدغن لگے گی تو لوگ اپنی جمہوریت اور عدالت بنائیں گے، ملک میں معاشی صورتحال اچھی نہیں ہے، گیس پر بولی کی گئی تو ایک بھی بڑی عالمی کمپنی نہیں آئی اور بولی ناکام ہوگئی، معیشت کی اصل صورتحال کا اندازہ اسٹاک مارکیٹ سے نہیں عام دوکان میں جانے سے ہوتا ہے۔














