سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں دو الگ الگ آپریشنز کرتے ہوئے سرغنہ سمیت 23 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 23 خوارج خیبر پختونخوا صوبے میں 2 الگ الگ جھڑپوں میں ہلاک ہوئے۔
مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، عالم محسود سمیت 15 دہشتگرد ہلاک
بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر باجوڑ میں خفیہ آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں خوارج سرغنہ سجاد عرف ابو ذر سمیت 11 دہشگرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دوسری کارروائی ضلع بنوں میں کی گئی، اور فورسز نے کامیابی سے 12 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشن جاری ہیں، تاکہ کسی بھی رہ جانے والے دہشتگرد کو ہلاک کیا جا سکے۔
مزید پڑھیں: باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، سیاسی رہنماؤں کے قتل میں ملوث دہشتگرد ہلاک
آئی ایس پی آر کے مطابق ’عزم استحکام‘ کے وژن کے تحت ملک میں غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگردی کے خطرے کو ختم کرنے کے لیے انسداد دہشتگردی کی مہم بھرپور رفتار سے جاری رہے گی۔














