پاک بحریہ نے بحیرۂ عرب میں انسدادِ منشیات کی ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے 130 ملین ڈالر مالیت کی میتھم فیٹامائن (آئس) ضبط کرلی۔
یہ بھی پڑھیں:نیویارک میئر کی تنخواہ کتنی؟ ظہران ممدانی کی آمدنی نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی
یہ کارروائی پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس تبوک نے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول (RMSP) کے دوران کمبائنڈ میری ٹائم فورسز (CMF) کے تحت سعودی عرب کی زیرِ قیادت ٹاسک فورس CTF-150 کی معاونت میں انجام دی۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پی این ایس تبوک نے بحیرۂ عرب میں گشت کے دوران ایک مشکوک اور غیر رجسٹرڈ ماہی گیر کشتی کو روکا۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان نیوی سے متعلق بیان پر انور مقصود نے معذرت کرلی
ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد جہاز کے دستے نے کارروائی کرتے ہوئے کشتی سے 2000 کلوگرام سے زائد میتھم فیٹامائن قبضے میں لے لی، جس کی علاقائی مارکیٹ کے مطابق مالیت تقریباً 130 ملین امریکی ڈالر بنتی ہے۔

یہ آپریشن گزشتہ 2 ماہ کے دوران پاک بحریہ کی جانب سے کی جانے والی مسلسل تیسری بڑی کارروائی ہے، جو سمندر میں غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف پاک بحریہ کے غیر متزلزل عزم اور پیشہ ورانہ قابلیت کا واضح ثبوت ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سینیٹ: پاکستان آرمی، نیوی اور ایئر فورس ترمیمی بل 2025 کثرت رائے سے منظور
ترجمان کے مطابق اتنی بڑی مقدار میں منشیات کی ضبطی نہ صرف پاک بحریہ کی مؤثر کارروائیوں کو ظاہر کرتی ہے بلکہ کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے تحت کثیرالقومی تعاون کے مثبت نتائج کی بھی عکاسی کرتی ہے۔

پاک بحریہ نے کہا ہے کہ وہ قومی بحری مفادات کے تحفظ اور اقوام متحدہ کے قانونِ بحریہ (UNCLOS) کے اصولوں کے مطابق سمندری سلامتی کے قیام کے لیے پرعزم ہے اور مربوط عالمی بحری سیکیورٹی کوششوں میں فعال کردار ادا کرتی رہے گی۔














