خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک بم حملے میں دو پولیس اہلکار شہید جبکہ 7 زخمی ہو گئے، جس کے بعد ضلع میں سکیورٹی سخت کر دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:’فتنہ الخوارج مذہب کے نام پر نوجوانوں کو پاک فوج کے خلاف اکساتے ہیں‘، خارجی دہشتگرد کے انکشافات
ڈی آئی خان پولیس کنٹرول کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ٹکواڑا کے علاقے میں پولیس چوکی کے قریب پولیس گاڑی پر نصب بم سے حملہ کیا گیا، جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیمیں پہنچ گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی شواہد سے لگ رہا ہے کہ نشانہ پولیس تھی اور اس وقت دھماکا ہوا جب پولیس گاڑی گزر رہی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ حملے میں 2 اہلکار شہید جبکہ 7 زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ علاقے میں اس وقت سرچ آپریشن جاری ہے۔ تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہ آ سکی۔
وزیراعلیٰ کا نوٹس
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے ڈی آئی خان میں پولیس گاڑی پر بم دھماکے کی شدید مذمت کی اور آئی جی پولیس خیبر پختونخوا سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرلی۔

انہوں نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے، ملوث عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔ کہا کہ اس قسم کے بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے، جبکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ مزید مضبوط عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔














