معروف آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار اے آر رحمان نے اپنے مشکل اور صدمات سے بھرپور بچپن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اُن کے والدین کو خاندان کی جانب سے گھر سے نکال دیا گیا تھا، جس کے بعد اُن کے والد نے رہائش کے انتظام کے لیے ایک ساتھ تین نوکریاں کیں۔
اے آر رحمان نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ موسیقی کی طرف راغب کرنے میں ان کی والدہ نے حوصلہ افزائی کی، اور جب ان کے والد کا انتقال ہوا تو وہ صرف نو سال کے تھے۔ اس کے بعد گھر کی ذمہ داری ان کے کندھوں پر آگئی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے بچپن کا زیادہ حصہ 40 اور 50 سالہ موسیقاروں کے ساتھ اسٹوڈیوز میں گزرا، جس کی وجہ سے نہ انہیں اسکول کی زندگی سے لطف اٹھانے کا موقع ملا اور نہ ہی دوستوں کے ساتھ وقت گزارنے کا۔
یہ بھی پڑھیں: ’خود کشی کے خیال آتے تھے‘ طلاق کے بعد اے آر رحمان پہلی بار منظرِ عام پر
اپنی والدہ کی جدوجہد کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری والدہ ایک سنگل ماں تھیں، اور وہ بہت پُراعتماد خاتون تھیں۔ انہوں نے سارا درد سہا، ہمیں بچانے کے لیے بہت کچھ برداشت کیا۔ وہ ایک مضبوط خاتون تھیں جنہوں نے ہر طرح کی ذلتیں برداشت کیں اور ہمیں اکیلے ہی پالا۔
انہوں نے اپنے والد کی مالی مشکلات پر بھی بات کی اور کہا کہ میں نے اپنی زندگی کا زیادہ حصہ چنئی میں گزارا۔ میرا وہیں جنم ہوا، میرے والد اسٹوڈیوز میں کام کرتے تھے۔ میرے والد اور والدہ کو ان کے خاندان والوں نے سڑک پر پھینک دیا تھا۔ پھر انہوں نے کرائے کے گھر میں رہنا شروع کیا اور ہمیں گھر دلانے کے لیے دن رات محنت کی۔ ایک ہی وقت میں تین نوکریاں کرتے تھے، اور اسی وجہ سے ان کی صحت بگڑ گئی۔ یہی میرے بچپن کا تاریک پہلو ہے، اور اس صدمے سے نکلنے میں بہت وقت لگا۔
یہ بھی پڑھیں: ’اے آر رحمان میرے والد کی طرح ہیں‘ تعلقات کی خبروں پر موہنی ڈے پھٹ پڑیں
اے آر رحمان اس وقت آنند ایل رائے کی آنے والی فلم ’تیرے عشق میں‘ کے لیے اپنی موسیقی کے باعث خوب تعریفیں حاصل کر رہے ہیں۔ اس فلم میں دھنش اور کرتی سینن مرکزی کردار نبھا رہے ہیں جو 28 نومبر کو سینما گھروں میں ریلیز ہو رہی ہے۔
دوسری طرف اے آر رحمان 23 نومبر کو پونے کے ایم سی اے اسٹیڈیم میں لائیو پرفارم کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اس ایونٹ میں عامر خان، بونی کپور، سکھ وِندر سنگھ، چنمئی اور ہری ہرن بھی شرکت کریں گے۔












