اسلام آباد میں ہونے والے انٹرنیشنل مقابلۂ قرأت کے لیے مختلف ملکوں سے قرّاء کرام اور ججز کی پاکستان آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ مقابلہ 24 سے 27 نومبر تک وزارتِ مذہبی امور کے زیرِ اہتمام منعقد کیا جائے گا۔
ابتدائی طور پر چاڈ سے قاری احمت، صومالیہ سے قاری عبدالقادر ابدی وہاب ادن اور گھانا سے قاری ابوالمال سواللہ اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔ وزارتِ مذہبی امور کے افسران نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔
مزید پڑھیں: وزارتِ مذہبی امور نے عراق میں مقدس مقامات کی زیارات کے لیے نئی ہدایات جاری کردیں
مزید بین الاقوامی شخصیات کی آمد آج اور کل متوقع ہے۔ آج مصر سے انٹرنیشنل جج قاری الشیخ ڈاکٹر حمد اللہ حفیظ محمد ابرہیم، بحرین سے قاری حمزہ معیز احمد علی، اردن سے قاری احمد بکری حسن نواسرہ، فلسطین سے قاری نبیل محمد علی شریباطی، قازقستان سے قاری ییگل مان محمد، مالی سے قاری دیالو آمادو، برکینا فاسو سے قاری دیالو موسی، موریطانیہ سے قاری احمد احمد مسکے اور کوموروس سے قاری عبداُو فضل الدین پاکستان پہنچیں گے۔
مزید پڑھیں: وزارت مذہبی امور نے مصدقہ عمرہ کمپنیوں کی فہرست جاری کر دی
عالمی سطح پر قرآنِ کریم کی تلاوت کے اس بڑے مقابلے میں دنیا بھر سے نامور قرّاء اور ججز کی شرکت پاکستانی دارالحکومت میں ایک روح پرور اور بابرکت ماحول پیدا کرے گی۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور مقابلہ 4 روز تک جاری رہے گا۔














