پاکستان تحریک انصاف کے رہنما تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کہہ رہا ہے کہ پاکستان میں کرپشن ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ پاکستان میں کرپشن ہے اور کرپشن کے خلاف کارروائی کے لیے اداروں کے درمیان معاونت موجود نہیں ہے، یہ اداروں کی کارکردگی سیاسی دباؤ میں آجاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا کے سابق وزیر تیمور سلیم جھگڑا کے خلاف نیب تحقیقات شروع
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے عدلیہ کے بارے میں بھی بات کی ہے، عدلیہ کے ججز اور عملے کی دیانت داری پر سوال اٹھایا ہے۔ یہ رپورٹ ہمیں بتاتی ہے کہ گورننس اور کرپشن میں کون سی بیماریاں ہیں۔ یہ رپورٹ نومبر 2025 کی ہے، عمران خان کے دور کی نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سرمایہ کار اس لیے ڈرتا ہے کہ پاکستان کے جوڈیشل ادارے کرپٹ ہیں۔ آئی ایم ایف نے اپنی رپورٹ میں 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد ججز کی تعیناتی پر بھی بات کی ہے کہ کس طرح شفاف طریقے سے ججز تعینات کیے جاسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عدالتی نظام پر اعتماد مضبوط کرنے کے لیے عدلیہ کی آزادی ضروری: آئی ایم ایف
تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ 27 ویں آئینی ترمیم میں یہ کوشش کی گئی ہے کہ انصاف کرنے کی جرات رکھنے والے ججز کو بلوچستان، آزاد کشمیر یا گلگت بلتستان بھیج دیا جائے۔ آئی ایم ایف کہتا ہے کہ اس سے سیاست پر تو اثر ہوتا ہے لیکن ایسی جوڈیشل معیشت میں اپنا کردار ادا نہیں کرسکتی۔














