انفاق فاؤنڈیشن اور ادب فیسٹول کی جانب سے سال 2025 کا ’بہترین اردو ادیب‘ ایوارڈ معروف ادیبہ اور اکادمی ادبیاتِ پاکستان کی صدر نشین پروفیسر ڈاکٹر نجیبہ عارف کے نام کیا گیا۔ یہ اعزاز ادب فیسٹول کراچی کی خصوصی تقریب میں ان کی ممتاز علمی و ادبی خدمات کے اعتراف کے طور پر پیش کیا گیا۔
پروفیسر ڈاکٹر نجیبہ عارف ناول نگاری، افسانہ نویسی، شاعری، تحقیق اور تنقید کے شعبوں میں منفرد شناخت رکھتی ہیں۔ وہ اکادمی ادبیات پاکستان کی پہلی خاتون صدر نشین ہونے کا اعزاز بھی رکھتی ہیں۔
مزید پڑھیں: عینی آپا تھیں تو پاکستانی
اس سے قبل وہ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد میں فیکلٹی آف لینگوئجز اینڈ لٹریچر کی ڈین کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔
ڈاکٹر نجیبہ عارف کی 20 سے زائد کتب شائع ہو چکی ہیں۔ ان کے نمایاں تخلیقی کاموں میں میٹھے نلکے (افسانے)، مکھوٹا (ناول)، راگنی کی کھوج میں (یادداشتیں)، معانی سے زیادہ (شاعری) اور نواحِ کاظمہ (قصیدہ بردہ شریف کا منظوم ترجمہ) شامل ہیں۔
ادبی تحقیق و تنقید میں بھی ان کی خدمات قابلِ قدر ہیں، جن میں اردو فکشن: مظاہر و مباحث، اسلام، پاکستان اور مغرب، رفتہ و آئندہ، اٹھارھویں صدی کے 2 نادر سفرنامے، سیرِ ملکِ اودھ، 9/11 اور پاکستانی اردو افسانہ اور Shifting Narratives قابلِ ذکر ہیں۔
مزید پڑھیں: داستاں سرائے، راجا گدھ اور بانو آپا
پروفیسر نجیبہ عارف اس سے قبل بھی کئی اعزازات حاصل کر چکی ہیں۔ ان کی شاعری کی کتاب ’معانی سے زیادہ‘ کو 2015 میں بہترین اردو ادبی کتاب کا ایوارڈ دیا گیا، جبکہ افسانوی مجموعے ’میٹھے نلکے‘ کو پروین شاکر ٹرسٹ کے عکسِ خوشبو ایوارڈ 2022 کا حق دار ٹھہرا گیا۔














