پنجاب کے 13 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے جس دوران سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔
صوبائی وزیرِ قانون رانا محمد اقبال خان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ امن و امان کے لیے سیکیورٹی اداروں سے بھرپور تعاون کریں۔
یہ بھی پڑھیے: ضمنی انتخابات: قومی اسمبلی کی 6 اور پنجاب اسمبلی کی 7 نشستوں پر پولنگ جاری
وزیرِ قانون کے مطابق پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر اضافی سیکیورٹی نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور انتخابات کے دوران کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی یا بد نظمی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
رانا محمد اقبال خان نے مزید کہا کہ حکومت انتخابات کے دوران پرسکون اور شفاف ماحول کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ بلا خوف و خطر اپنا ووٹ کاسٹ کریں۔
یہ بھی پڑھیے: ضمنی انتخابات، الیکشن کمیشن نے میڈیا کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کردیا
صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ انتخابی عمل میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔














