کینسر سے صحت یاب ہونے والے رامی نیئس نامی شخص نے 12 گھنٹے،12منٹ اور 8 سیکنڈ تک کیلوں کی نوک پر کھڑے ہو کر عالمی ریکارڈ توڑ ڈال۔
گنیز کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ رامی نیئس چاہتا ہے، ہر کسی کو یہ احساس ہو کہ ہر چیز کو تبدیل کرنے میں ایک لمحہ لگتا ہے اور ہمیں اپنی صحت، تندرستی کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے تا کہ ہم ہر لمحے سے بھرپور فائدہ اٹھانا یقینی بنا سکیں۔
رامی نیئس کا تعلق لبنان سے ہے۔ کینسر سے صحت یاب ہونے کے بعد رامی نے کیلوں کی نوک پر مسلسل 12 گھنٹے،12منٹ اور 8سیکنڈ تک کھڑے رہنے کے بعد گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی اپنی جگہ بنا لی ہے۔
رامی کا کہنا ہے کہ اس طرح کے چیلنجز کو برداشت کرنے کے لیے اندرونی اور ذہنی طور پر مضبوط ہونے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جیسا کہ بیماری کے خلاف اس کی اپنی لڑائی۔
عالمی ریکارڈ بنانے والے رامی نیئس کو کینسر کا مرض لاحق تھا، اب وہ صحت یاب ہے حالانکہ اس کے خاندان کے دیگر افراد کینسر کے خلاف جنگ میں خوش قسمت ثابت نہیں ہوئے تھے۔
رامی نے کہا کہ موت زندگی سے محرومی کا نام نہیں بلکہ اُمید سے محروم ہوجانے کا نام ہے۔ اس نے کہا کہ کیلوں پر کھڑے ہونے کا ریکارڈ توڑنے والی کامیابی اس کی زندگی کے سفر کا آغاز ہے اور یہ اس کی آواز دنیا تک پہنچانے کا پلیٹ فارم ہے۔
اس نے مزید کہا کہ اس کے پاس اور بھی بہت سارے ورلڈ ریکارڈ ہوں گے۔ رامی نیئس کا کہنا ہے کہ اس کا اگلا ایڈونچر برف پر ننگے پاؤں کی نصف میراتھن ہے ۔