اسحاق ڈار کی ایرانی سیکریٹری علی لاریجانی سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق

منگل 25 نومبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم سینٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان میں ایران کے سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری ڈاکٹر علی لاریجانی سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کو مختلف شعبوں میں مضبوط بنانے اور علاقائی و بین الاقوامی امور میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان کشیدگی، ایران نے مصالحتی کردار کی پیشکش کردی

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات تاریخی، ثقافتی اور اقتصادی اعتبار سے اہمیت کے حامل ہیں اور دونوں ممالک کی کوشش ہے کہ باہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں۔

ڈاکٹر لاریجانی نے بھی اس موقع پر تعلقات کی مزید ترقی اور دو طرفہ مفادات کے تحفظ میں تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

دوسری جانب پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر نے اپنے ایکس پوسٹ میں ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری کے اس دورے کو بے نظیر قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایران پر پابندیوں کی بحالی سے مشرقِ وسطیٰ میں عدم استحکام کا خطرہ ہے، پاکستان

اپنی ایک ایکس پوسٹ میں رضا امیری مقدم نے لکھا کہ یہ دورہ ایک تاریخی موڑ اور اہم لمحہ ثابت ہوگا، جس کے ذریعے دونوں برادر اقوام کے مضبوط اور آزمائے ہوئے تعلقات ایک نئے اسٹریٹیجک مرحلے میں داخل ہوں گے۔

ایرانی سفیر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا میں تیز رفتار تبدیلیوں اور اس خطے کے نظام میں جدید تحرک کے پیش نظر ایران اور پاکستان کے تعلقات کو فروغ دینے کے لیے اسٹریٹیجی کی تیاری پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp