سعودی عرب میں وزارت میڈیا اور جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام ریاض سیزن میں پاکستانی کلچرل ویک کا شاندار آغاز ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں: باہمی روابط مزید مضبوط بنانے کے لیے سعودی عرب میں پاکستانی ثقافت کے 3 روزہ پروگرام کا آغاز
پاکستانی ثقافت پر مبنی پریڈ میں چاروں صوبوں کی رنگوں کی بہار جبکہ نامور گلوکار ابرارالحق نے اپنی شاندار پرفارمنس سے ہزاروں شائقین کو جھومنے پر مجبور کر دیا ۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں وزارت میڈیا اور جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی جانب سے پاکستانی کلچرل ویک کے پہلے روز ہزاروں پاکستانیوں سمیت دیگر غیر ملکیوں نے شرکت کی۔
پاکستان کے چاروں صوبوں پر مبنی ثقافتی پریڈ میں ثقافتی رنگ نمایاں رہے جبکہ نامور گلوکار ابرارالحق نے اپنی آواز کا بھرپور جادو جگایا اور اپنے مشہور گیت گا کر ہزاروں افراد کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔
مزید پڑھیے: سعودی عرب میں عالمی یگانگت 2 کے تحت یمن کے ثقافتی دن کامیابی سے مکمل
پاکستانی کلچرل ویک کے لیے پاکستان سے معروف سوشل میڈیا انفلونسرز سمیت میڈیا ہاوسز کے نمائندوں کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا جبکہ سفارت خانہ پاکستان کے افسران بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔
اس موقعے پر سفارت خانہ پاکستان کی پولیٹیکل سیکریٹری اقرا کا کہنا تھا کہ ریاض سیزن میں پاکستانی ثقافت کو نمایاں مقام حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح سعودی عرب دنیا بھر کی ثقافتوں کو اہمیت دے رہا ہے اس سے مختلف تہذیبوں اور ثقافتوں کے درمیان روابط کو فروغ مل رہا ہے۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب میں ریلی ڈاکار 2026 کی تفصیلات جاری، 69 ممالک کے 812 ڈرائیور شریک ہوں گے
ابرارالحق کا کہنا تھا کہ وہ سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی اور وزارت میڈیا کے شکر گزار ہیں اور ان کی کاوش کو سراہتے ہیں جو پاکستان سمیت دیگر ممالک کی ثقافت کو اجاگر کرکے بین الاقوامی ہم آہنگی کو فروغ دے رہے ہیں۔














