وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے متحدہ عرب امارات کے 53ویں قومی دن کے موقع پر برادر ملک کی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ شیخ محمد بن زاید النہیان وہ عالمی مدبر رہنما ہیں جنہوں نے وژن کو حقیقت اور حقیقت کو کامیابی میں بدل کر قیادت کا نیا معیار قائم کیا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے ثابت کیا ہے کہ مستقبل کا انتظار نہیں کیا جاتا، اسے تخلیق کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: متحدہ عرب امارات کے شہریوں کی موجیں لگ گئیں، قومی دن کے موقع پر 4 چھٹیاں
اپنے خصوصی پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے عوام کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے بھائی بہنوں اور بصیرت افروز قیادت کو دل کی اتاہ گہرائیوں سے قومی دن مبارک ہو۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ آج متحدہ عرب امارات کی خوشی ہماری بھی خوشی ہے، کیونکہ بھائی کی مسرت دل کی مسرت ہوتی ہے۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کا تعلق اخوت اور بھائی چارے کا وہ رشتہ ہے جو سرحدوں سے ماورا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی پاکستان مشکل میں رہا، متحدہ عرب امارات ہمیشہ بھائی بن کر ہمارے ساتھ کھڑا رہا۔ برادر ملک نے پاکستانیوں کو نہ صرف روزگار دیا بلکہ اپنائیت، عزت اور احترام کا احساس بھی دیا۔
یہ بھی پڑھیے: صدر آصف علی زرداری سے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے نامزد سفیر شفقت علی کی ملاقات
مریم نواز نے کہا کہ لاکھوں پاکستانی اپنی محنت اور صلاحیت کے ذریعے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے اور ترقی، تعاون اور بھائی چارے کے نئے باب رقم ہوں گے۔












