پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے زیراہتمام اڈیالہ جیل کے باہر مختلف مقامات پر کارکنوں کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے۔
آج اڈیالہ جیل میں ملاقات کا دن تھا، جیل حکام نے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ عظمیٰ خان کو ملاقات کی اجازت دی، جس کے بعد انہوں نے بتایا کہ عمران خان مکمل صحت مند ہیں۔
3 سال سے فسطائیت سے نبرد آزما تحریک انصاف کا اڑھائی سال سے ناحق قید لیڈر عمران خان کیلئے اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج pic.twitter.com/gAkK8eYgN4
— Hunain (@PTI_Scientist) December 2, 2025
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان کو سیل میں مکمل بند رکھا جاتا ہے، صرف کچھ دیر کے لیے باہر نکلنے کی اجازت ملتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان نے کہا ہے کہ یہ جان بوجھ کر ہمیں ذہنی اذیت کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کرنے والے کارکنان عمران خان کے حق میں نعرے بازی کررہے ہیں، اور ان کی رہائی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔
اس سے قبل پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر بھی احتجاج کیا، اور عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔
گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے پاکستان تحریک انصاف کے منتخب ممبران اسمبلی اور سینیٹ کو سختی سے ہدایت کی تھی کہ عمران خان کی رہائی کے لیے ممکنہ احتجاج کی تیاری کریں اور ہر منگل کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے دوران اپنی حاضری کو یقینی بنائیں۔













