ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی سمندر کے راستے یورپ جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔ اس کارروائی میں مجموعی طور پر 8 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار مسافروں میں عتیب الرحمان، قمر الدین، سعد فاروق اور محمد عادل شامل ہیں، جو ایجنٹوں کی مدد سے البانیا جا رہے تھے۔
مزید پڑھیں: انسانی اسمگلنگ روکنے اور امیگریشن آسان بنانے کے لیے ایف آئی اے نے اہم فیصلہ کرلیا
مسافروں نے انسانی اسمگلروں کو یورپ جانے کے لیے مجموعی طور پر ایک کروڑ روپے ادا کیے تھے۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ایجنٹ اور سہولتکار، جن میں لیاقت علی، محمد الکریم، محمد عامر اور عبدالمقیت شامل ہیں، انسانی اسمگلنگ کا منظم گینگ چلا رہے تھے اور شہریوں کو غیر قانونی سمندر کے راستے یورپ بھیجنے میں ملوث پائے گئے۔
ملزمان کا تعلق گجرات کے مختلف علاقوں سے بتایا گیا ہے جبکہ اس منظم گینگ کے دیگر ساتھی سعودی عرب اور یونان سے انسانی اسمگلنگ کا نیٹ ورک چلا رہے ہیں۔
گرفتار مسافروں کے پاس جعلی ویزے اور جعلی پروٹیکٹر اسٹمپ موجود تھے۔ ان کے قبضے سے جعلی ایئر لائن ٹکٹ، 2200 یورو، 20 امریکی ڈالر اور 11.5 ملین ایرانی ریال بھی برآمد ہوئے۔
مزید پڑھیں: ایف آئی اے کی کراچی ایئرپورٹ پر کارروائیاں، 3 ملزمان گرفتار
ایف آئی اے نے گرفتار افراد کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کردیا ہے۔












