جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے امیر ڈاکٹر شفیق الرحمان نے ڈھاکا کے ایور کیئر اسپتال میں زیر علاج بی این پی کی چیئرپرسن اور سابق وزیراعظم بیگم خالدہ ضیا کی عیادت کی۔
ملاقات کے دوران انہوں نے خالدہ ضیا کے جاری علاج اور مجموعی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے اس مشکل وقت میں ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبر اور ہمت کی دعا کی۔
مزید پڑھیں: بنگلہ دیش: سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کے صاحبزادے طارق رحمان شدید علیل والدہ سے کب ملیں گے؟
ڈاکٹر شفیق الرحمان نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ چونکہ وہ اپنی بیماری کے باوجود ثابت قدم ہیں، اس لیے ہم پُرامید ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ وہ جلد صحت یاب ہوں۔
انہوں نے بیگم خالدہ ضیا کی فوری اور مکمل صحت یابی کے لیے دل سے دعائیں کیں۔
ڈاکٹر شفیق الرحمان نے چاہنے والوں سے اپیل کی کہ اسپتال کے احاطے میں ایسی بھیڑ نہ لگائیں جو نظم و ضبط کو متاثر کرے یا کسی کے لیے تکلیف کا باعث بنے، بلکہ انہوں نے درخواست کی کہ سب لوگ بیگم خالدہ ضیا کی صحت اور خیریت کے لیے دعا جاری رکھیں۔
واضح رہے کہ بیگم خالدہ ضیا شدید علالت کے باعث بنگلہ دیش کے ایک اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔
بنگلہ دیش کی تینوں مسلح افواج کے سربراہوں کی خالدہ ضیا کی عیادت
بنگلہ دیش کی آرمی، نیوی اور ایئر فورس کے سربراہوں نے منگل کی شب دارالحکومت ڈھاکہ کے ایور کیئر اسپتال میں بی این پی کی چیئرپرسن اور سابق وزیراعظم بیگم خالدہ ضیا کی عیادت کی۔
مزید پڑھیں: سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کے علاج کے لیے چینی ٹیم ڈھاکہ پہنچ گئی
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز بنگلہ دیش کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ بری، بحری اور فضائی فوج کے سربراہوں نے خالدہ ضیا سے ملاقات کی اور ان کی صحتیابی کے لیے دعا کی۔














