خبردار! حکومت کا عوامی مقامات پر گندگی پھیلانے والوں کو جرمانے کرنے کا فیصلہ

جمعرات 4 دسمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب حکومت نے عوامی مقامات پر گندگی پھیلانے والوں کے خلاف جرمانے نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سربراہی میں ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا، جس کا محور ’ستھرا پنجاب‘ پروگرام کی پیش رفت تھی۔

مزید پڑھیں: مریم نواز کا ’ستھرا پنجاب‘ کے ورکرز کو راشن کارڈ دینے کا اعلان

اجلاس میں وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ صفائی سے متعلق حکومتی اقدامات کو صوبے بھر کے شہری مثبت انداز میں سراہ رہے ہیں۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ گاڑیوں کی نگرانی کے لیے وہیکل ٹریکنگ سسٹم فعال ہے جبکہ کوڑا منتقل کرنے والے کنٹینرز کی لائیو مانیٹرنگ بھی جاری ہے۔ تنخواہوں اور دیگر مالی ادائیگیوں کو شفاف بنانے کے لیے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے۔

مریم نواز نے منصوبے کو ’بڑے پیمانے پر صفائی کے نظام کی ایک مثال‘ قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ سسٹم صفر سے شروع کیا گیا تھا اور وقت گزرنے کے ساتھ اس میں بہتری لائی جا رہی ہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ شہروں اور دیہات کی صفائی کا مربوط نظام کئی سال پہلے قائم ہونا چاہیے تھا۔

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ کمرشل ایریاز اور سڑکوں پر کچرا پھینکنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور خلاف ورزی پر جرمانہ لازمی ہوگا۔

مزید پڑھیں: صاف ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت اب کتنا صفائی ٹیکس دینا ہوگا؟

مزید یہ کہ صوبے میں صفائی کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیوں کو بتدریج ماحول دوست الیکٹرک وہیکلز میں تبدیل کیا جائے گا اور مستقبل میں کوڑے کرکٹ سے انرجی حاصل کرنے کے منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp