پنجاب بھر کے ٹرانسپورٹرز نے ترمیم شدہ ٹرانسپورٹ آرڈیننس اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانوں کے خلاف کل پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کردیا۔
جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کے ٹرانسپورٹرز نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ 8 دسمبر کو پہیہ جام ہڑتال میں بھرپور حصہ لیں گے۔
مزید پڑھیں: گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے باعث سپلائی چین مفلوج، معیشت کا پہیہ جام ہونے کا خطرہ
یونائیٹڈ ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین کے مطابق پیر کو تمام بس اڈے بند رہیں گے، یہ ہڑتال پورے پنجاب میں ہوگی اور ممکن ہے کہ غیر معینہ مدت تک جاری رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو ٹرانسپورٹرز کی مشکلات کو سمجھنا چاہیے، کیونکہ 25 ہزار روپے ماہانہ کمانے والے موٹر سائیکل سوار پر 2 ہزار روپے جرمانہ لگانا ناانصافی ہے۔
گڈز ٹرانسپورٹرز نے بھی پاکستان یونائیٹڈ ٹرانسپوٹرز ایکشن کمیٹی کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
ٹرانسپورٹرز کے رہنماؤں نے کہاکہ 8 دسمبر کو تمام ٹرمینلز مکمل طور پر بند رہیں گے اور پنجاب اسمبلی کی جانب سے متعارف کرائے گئے نئے قوانین اور جرمانے قابل مذمت ہیں کیونکہ یہ ٹرانسپورٹرز پر غیر ضروری بوجھ ڈال رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال، مکران ڈویژن کا کراچی سے رابطہ منقطع، مسافر پریشان
انہوں نے مزید کہاکہ قوانین میں ترمیم ٹرانسپورٹرز کے لیے معاشی قتل کے مترادف ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ یہ ظالمانہ اقدامات فوری واپس لیے جائیں۔ حکومتی فیصلوں میں عوامی مفاد کو نظر انداز کرنا ناقابل قبول ہے۔













