وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس کو قوم کی آواز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صرف پاک فوج کے ترجمان کی تقریر نہیں بلکہ پوری قوم کے دل کی ترجمانی تھی۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ بیرونی طاقتوں کے ایجنڈے کی ناکامی پر ذہنی توازن کھو بیٹھنے والا شخص مسلسل قوم کو اذیت میں مبتلا کر رہا ہے۔
مزید پڑھیں: فوجی ترجمان کی پریس کانفرنس پر محتاط ردعمل کیوں دیا؟ بیرسٹر گوہر کے خلاف پی ٹی آئی کے اندر محاذ کھل گیا
اویس لغاری نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حوالے سے ریاستی ادارے کی دو ٹوک پوزیشن کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ خود کو عقلِ کل اور ملک کا واحد مختار سمجھنے والا شخص بھول گیا تھا کہ وہ مخصوص قوتوں کے تراشے ہوئے لیڈر تھے، لیکن آج وہ مکمل بے نقاب ہو چکا ہے اور پاک فوج کے ترجمان نے اس کا پورا چہرہ قوم کے سامنے رکھ دیا۔
انہوں نے واضح کیاکہ پاک فوج کے خلاف جھوٹا بیانیہ بنانے اور زہریلی مہم چلانے والا شخص قوم و ملک کا غدار ہے اور کسی رعایت کا مستحق نہیں۔
اویس لغاری نے آزادیِ اظہار کی اہمیت کے ساتھ کہا ہ یہ کبھی بھی ملکی سالمیت سے بالاتر نہیں ہو سکتی اور اس آڑ میں دشمنانہ مہم چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کے فیصلے کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے پاک فوج کے ترجمان کے ذہنی مریض سے کیے گئے سوالات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاکہ قوم ان سوالات کے جوابات مانگتی ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ 4 سال وفاق میں اقتدار کے مزے لینے کے بعد اور 12 سال سے خیبرپختونخوا میں حکومت کرنے والے اپنی کارکردگی کیوں ظاہر نہیں کرتے اور دہشتگردوں کے خلاف کوئی بات نہ کرتے ہوئے مسلح افواج کے خلاف بیانیہ کیوں بناتے ہیں۔
اویس لغاری نے کہاکہ قوم کسی بہکاوے میں نہیں آئے گی اور کسی کی ذات ملک و قوم کی جان اور سلامتی سے بالاتر نہیں۔
انہوں نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرات مندانہ، باصلاحیت اور محب وطن قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت کو شکست فاش دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا اور اس شاندار فتح سے پوری دنیا میں پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ فتنے اور داخلی خلفشار کے خلاف واضح پالیسی اپنانا فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ایک قابل فخر کارنامہ ہے اور ان کی عسکری قیادت میں پاکستان مزید پھلے پھولے گا، طاقتور اور ترقی یافتہ ہوگا، اور ملک کا وقار بلند رہے گا۔














